علاج معالجہ: مصنوعی ذہانت کی اہمیت

‏صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے صحت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

لاہور میں شعبہ صحت میں مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت صحت اور طب کے شعبوں میں ایک بڑی امید ہے اور مستقبل میں ایک میڈیکل گریجویٹ اسے مریضوں کے علاج کے لئے استعمال کرسکتا ہے۔‏

صدر مملکت نے کورونا مرض کی مثال پیش کی جس میں پاکستان نے دستیاب اعداد و شمار کو کامیابی سے استعمال کیا اور متعدد زندگیاں بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں ملک میں کورونا  کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد کم ہے۔‏

‏قبل ازیں صدر مملکت نے صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت میں تعاون کرنے والے افراد اور اداروں کو ایوارڈز سے بھی نوازا۔‏