الشفا ہسپتال سے نکالے گئے 31نومولود بچے علاج کیلئے مصر منتقل

غزہ کے سب سے بڑے الشفا ہسپتال میں بچائے گئے نومولود بچوں کو علاج کیلئے مصر منتقل کر دیا گیا ہے۔

فلسطینی ریڈ کراس سوسائٹی اور مصری میڈیا کے مطابق 28 نومولود بچوں کو الشفا ہسپتال سے مصر منتقل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ ہفتے الشفا ہسپتال پر وحشیانہ ارروائی کرتے ہوئے طبی عملے، بے گھر افراد اور مریضوں کو نکال دیا تھا۔

وہاں موجود 31 نومولود بچوں کو پہلے جنوبی غزہ کے ایک ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا اور اب ایمبولینس کے ذریعے انہیں موبائل انکوبیٹرز میں مصر پہنچایا گیا۔

پہلے کہا جا رہا تھا کہ 31 نومولود بچوں کو مصر منتقل کیا جا رہا ہے مگر پھر بتایا گیا کہ 28 بچے وہاں پہنچے ہیں۔

یہ ابھی واضح نہیں کہ 3 بچوں کو مصر کیوں نہیں بھیجا گیا۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 13 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

شہدا میں 5 ہزار 500 بچے اور 3 ہزار 500 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ اسرائیلی بمباری سے زخمی فلسطینیوں کی تعداد 30 ہزار ہے۔