بونیر میں دہشتگردوں کا حملہ، اے ایس آئی شہید

خیبر پختونخوا کےضلع بونیر کے علاقے گلبانڈی پولیس اسٹیشن کی حدود میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں اے ایس آئی انور محمود شہید ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حملہ کیا اور بعد ازاں موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

شہید اے ایس آئی انور محمود بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، ان کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پولیس افسران نے عزم ظاہر کیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں واقع گنڈی چوک پولیس چوکی پر نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں اور اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک نجی چوکیدار اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے میں پولیس چوکی کے مین گیٹ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم افراد نے مسافر کوچ کو نشانہ بنا ڈالا۔ فائرنگ کا واقعہ کھڈکوچہ کے مقام پر پیش آیا، جس کے نتیجے میں کوچ کے ڈرائیور سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی جا رہی تھی جب راستے میں نامعلوم حملہ آوروں نے کوچ پر فائرنگ کر دی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔