یوٹیلٹی اسٹورز بھی برائے فروخت: حکومت نے 24 اداروں کی نجکاری کا اعلان کر دیا

وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو بھی نجکاری کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے اسے مستقبل قریب میں فروخت کیے جانے والے اداروں میں شامل کر لیا ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے تحریری بیان میں بتایا کہ حکومت آئندہ چار سالوں میں 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا ارادہ رکھتی ہے، جن میں پی آئی اے، متعدد الیکٹرک سپلائی کمپنیاں، زرعی بینک، ایچ بی ایف سی، فرسٹ ویمن بینک، پاکستان انجینئرنگ کمپنی، سندھ انجینئرنگ لمیٹڈ، اور امریکا میں واقع روزویلٹ ہوٹل بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام اداروں کو یا تو مسلسل خسارے کا سامنا ہے یا ان کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے، جس کی وجہ سے نجکاری کا فیصلہ کیا گیا۔ پارلیمانی سیکریٹری آسیہ اسحاق نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری اکتوبر یا نومبر تک مکمل کر لی جائے گی۔ خواجہ آصف نے روزویلٹ ہوٹل کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ایک منفرد اثاثہ ہے جس پر حکومت یا تو جوائنٹ وینچر کرے گی یا مکمل فروخت کرے گی۔