اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 7 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے ذخائر کی مالیت 10 ارب 40 کروڑ 31 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
مرکزی بینک کی رپورٹ کے مطابق 9 مئی کو مجموعی زرمبادلہ ذخائر 15 ارب 61 کروڑ 31 لاکھ ڈالر رہے، جن میں سے کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 21 کروڑ 7 لاکھ ڈالر موجود ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے وضاحت کی ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے ملنے والی دوسری قسط، جس کی مالیت 1 ارب 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہے، 16 مئی کو جاری ہونے والے اعداد و شمار میں شامل کی جائے گی۔
ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کی قسط شامل ہونے سے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک نمایاں بہتری آئے گی جو معاشی استحکام کے لیے خوش آئند ہے۔
