محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، مری، گلیات اور راولپنڈی میں آندھی، بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جب کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور خشک موسم متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج اور آئندہ تین روز تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور صوابی سمیت جنوبی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالم جبہ میں سب سے کم 14 اور ڈی آئی خان میں سب سے زیادہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی ہے جبکہ جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
ادھر اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی اور گرد و نواح میں آندھی، بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو سکتا ہے۔کشمیر و گلگت بلتستان میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ سبی میں درجہ حرارت 47، تربت میں 44، نوکنڈی میں 45، چمن میں 37 اور کوئٹہ میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
زیارت، ژوب، شیرانی، ڈیرہ بگٹی، حب، ہرنائی اور قلعہ سیف اللہ میں گرد آلود ہوائیں اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں اور ژالہ باری کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم کی شدت اور تغیرات کے پیش نظر شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔