ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، مظفرآباد کے نواحی علاقے بلگراں میں بادل پھٹنے (کلاؤڈ برسٹ) کے باعث ایک خاتون جاں بحق جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہوگئے۔ ہری پور اور نوشہرہ میں میں دیوار گرنے کے واقعے میں بچے سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے۔ شانگلہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ مختلف حادثات میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب اور کے پی میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، لورالائی میں بھی آندھی اور مٹی کا طوفان آیا۔
ملک کے بیشترمیں شہروں میں شدید گرمی کے بعد بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، بعض علاقوں میں بادل پھٹنے، آندھی، طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ، خاتون جاں بحق، متعدد افراد لاپتہ
مظفرآباد کے نواحی علاقے بلگراں میں بادل پھٹنے (کلاؤڈ برسٹ) کے باعث ایک خاتون جاں بحق جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہو گئے۔ ایس ڈی ایم اے کے مطابق کلاؤڈ برسٹ مگری مالی اور لیسوا کے علاقوں میں ہوا۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاپتہ خاتون کی لاش ملبے سے نکال لی، جب کہ دیگر لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
ڈائریکٹر ایس ڈی ایم اے کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کے باعث چار مکانات اور ایک مسجد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ کوئیک رسپانس ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور امدادی آپریشن جاری ہے۔
کوٹلی آزاد کشمیر میں آندھی اور بارش کے مختلف حادثات میں متعدد شہری زخمی ہو گئے۔ شدید آندھی کے باعث عمارتوں کے دروازے بھی ٹوٹ گئے۔
کے پی میں مختلف حادثات میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول پشاور، سوات، مانسہرہ، شانگلہ، باڑہ، لنڈی کوتل، بالاکوٹ اور وادیٔ کاغان میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم کچھ علاقوں میں تیز اندھی اور بارش نے تباہی مچا دی۔
بارش کے باعث مکان کی دیوار گرنے سے بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ حادثے میں دو بچے زخمی ہو ہوئے۔ جاں بحق بچے کی شناخت شوال کے نام سے ہوئی، جاں بحق اور زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ہری پور میں ایک اور واقعے میں تیزرفتار وین تیز آندھی کے باعث بے قابو ہو کر کھائی میں گر گئی۔ حادثے میں ڈرائیور زخمی ہو گیا، مختلف مقامات پر بجلی کے پول اور درخت گر گئے اور بجلی کی فراہمی منقطع ہے۔
شانگلہ کی تحصیل بشام شنگ میں گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے۔ پشاور کے علاقے متنی میں بھی ہوٹل کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے۔
سوات کے علاقوں مینگورہ، مالم جبہ اور کالام میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ شانگلہ کے الپوری اور گردونواح میں شدید ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔
نوشہرہ میں طوفان کے باعث مختلف مقامات پر درخت اور دیواریں گرگئیں۔ حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ مدینہ کالونی میں دیوار گرنے سے ضعیف العمر شخص زخمی ہوا۔
تیز طوفان کے باعث اکوڑہ خٹک سمیت جگہ جگہ درخت اکھڑ گئے، طوفان کے باعث بعض مقامات پر گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
ایبٹ آباد اور گردونواح میں طوفانی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم ندی نالوں میں طغیانی سے مانسہرہ روڈ پر ٹریفک جام ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
مری میں طوفانی بارش
ملکہ کوہسار مری میں بھی طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں کالی گھٹاؤں نے دن کو رات میں بدل دیا ہے۔ شدید بارش سے موسم سرد ہو گیا ہے جبکہ بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گردونواح میں یکم جون تک بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں درخت گر گئے
اسلام آباد میں تیز جھکڑ کے باعث درخت گر گئے، نیشنل پریس کلب میں ایک بڑا بل بورڈ آ گرا۔ جس کے بعد ڈی سی اسلام آباد نے تمام بڑے بل بورڈز فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت جاری کر دی۔
اسسٹنٹ کمشنرز کو نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔
بلوچستان میں بھی آندھی اور مٹی کے طوفان
بلوچستان کے علاقوں قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ اور لورالائی میں بھی آندھی اور مٹی کے طوفان نے نظام زندگی متاثر کیا۔
شاہراہِ قراقرم پر طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ
ادھر کوہستان کے علاقے لوئر کوہستان میں شاہراہِ قراقرم پر طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف مقامات پر بند ہو گئی ہے۔
کھیدر نالہ، نالہ جیجال بازار اور آبشار نالہ کے مقامات پر شدید مٹی کے تودے گرنے سے سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
ڈی پی او کوہستان نے تمام تھانوں اور چوکیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، اور سیاحوں و مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔