پنجاب اور خیبر پختونخوا میں شدید بارشیں، مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور آندھی کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید طوفان کے باعث درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے کے واقعات پیش آئے، جبکہ پشاور میں آندھی سے سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

مظفر آباد میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ متعدد مکانات اور ایک مسجد کو نقصان پہنچا۔

لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ نیلم کے 8 مقامات پر بندش ہوئی، جبکہ دیامر اور بابوسر ٹاپ پر وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے۔

خیبر پختونخوا میں ژالہ باری اور بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جبکہ مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرد کے طوفان اور بارش کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جبکہ ملتان میں تیز ہواؤں کے باعث پول گرنے سے کئی علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی۔