پاکستان میں مہنگائی کم ہونے کا امکان، آئی ایم ایف نے خوشخبری سنا دی

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں مہنگائی کے حوالے سے خوش آئند پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ چھ برس تک ملک میں اوسط مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں رہے گی۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال 2024-25 کے دوران مہنگائی کی شرح 5.1 فیصد تک محدود رہنے کا امکان ہے، جو کہ حکومت کے مقرر کردہ 12 فیصد ہدف سے نمایاں طور پر کم ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال 2025-26 میں مہنگائی کی اوسط شرح 7.7 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ 2026-27 میں یہ شرح کم ہو کر 6.5 فیصد ہو جائے گی۔ اسی طرح 2027-28 سے 2029-30 تک مہنگائی کی شرح مسلسل 6.5 فیصد پر برقرار رہنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 2022-23 میں مہنگائی کی شرح 29.2 فیصد اور 2023-24 میں 23.4 فیصد رہی تھی۔ تاہم رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں اوسط مہنگائی صرف 4.73 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، جو نمایاں بہتری کا عندیہ دیتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ رجحان برقرار رہا تو نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ معیشت پر دباؤ بھی کم ہو گا۔