پاکستان ٹوبیکو کمپنی کا ملک میں بی پی او قائم کرنیکا اعلان، 3000سے زائد نئی ملازمتوں کے مواقع

اسلام آباد: پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے پاکستان میں بی پی او قائم کرنے کا اعلان کردیا، منصوبے سے5سال میں 3000سے زیادہ ملازمتیں پیداہوں گی اور سالانہ100ملین ڈالر زرمبادلہ کی آمدنی ہوسکے گی۔ 

جمعرات کومشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ٹوبیکوکمپنی نے بی پی او قائم کرنیکااعلان کیاہے، کمپنی نے بزنس پروسیس آؤٹ سورسنگ کو پاکستان منتقل کیا ہے، پاکستان کا مقابلہ بھارت، بنگلا دیش اور دیگرممالک سے تھا۔

عبد الرزاق داد کا کہنا تھا کہ منصوبے سے5سال میں 3000سے زیادہ ملازمتیں پیداہوں گی جبکہ یہ منصوبہ ٹیلنٹ انکی بیٹر کے طورپر بھی کام کرے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ منصوبے سے پاکستان کی سروسز کی برآمدات بھی بڑھیں گی اور سالانہ 100ملین ڈالر زرمبادلہ کی آمدنی ہوسکے گی۔

مشیر تجارت نے برطانوی امریکن ٹوبیکواورپاکستان ٹوبیکوکمپنی کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی ملٹی نیشنل کمپنی ہے، جس نے بزنس پروسیس آٹ سورسنگ کو پاکستان منتقل کیا۔