پشاور میں جوان مرکز قائم کرنیکا منصوبہ

پشاور:حکومت خیبرپختونخوا نے نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب عملی اقدام اٹھاتے ہوئے پشاور میں جوان مرکز قائم کرنے پر کام کا آغاز کر دیا۔

 اس سلسلے میں منگل کو سٹی ڈسٹرکٹ لوکل گورنمنٹ پشاور اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے تناظر میں پشاور میں جوان مرکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

 جوان مرکز حاجی کیمپ اڈہ پشاور کے نزدیک تعمیر ہوگا۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ روپے لاگت سے پانچ کنال اراضی پر محیط بہترین جوان مرکز بنا رہے ہیں جبکہ 15 کروڑ روپے کی لاگت سے جوان مرکز کی عمارت تعمیر ہوگی۔

تقریب میں ڈی سی پشاور خالد محمود، ڈی جی سٹی ڈسٹرکٹ لوکل گورنمنٹ میاں شفیق الرحمن اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افئیرز کے حکام بھی شریک ہوئے۔

جوان مرکز میں دی جانیوالی سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ جوان مرکز میں نوجوانوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات دیں گے جس میں 250 نوجوانوں کے لیے آڈیٹوریم ہال ہوگا۔

 جوان مرکز میں انکوبیشن کے حوالے سے خدمات بھی فراہم کئے جائیں گے تاکہ نوجوان بزنس آئیڈیاز لا کر ان کو عملی شکل دے۔ 

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے گیمنگ زون بھی ہوگا۔

میڈیا ٹاک میں معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا انڈور سپورٹس کمپلیکس میں نوجوان مختلف گیمز کھیل سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ جوان مرکز بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لیے بھی خدمات فراہم کرے گی۔

 صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ جوان مرکز غربت مکاؤ میں بہترین کردار ادا کرے گا۔

سٹی ڈسٹرکٹ لوکل گورنمنٹ پشاور کے انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے معاون اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا کہ جوان مرکز کے قیام میں سٹی ڈسٹرکٹ لوکل گورنمنٹ کی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کرتے ہیں۔جوان مرکز کے قیام سے نوجوان خودکفالت اور خود انحصاری کی جانب بڑھیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ نوجوان پڑھنے کے لیے لائبریری کا استعمال بھی کر سکیں گے۔ جبکہ مرکز میں مختلف کھیلوں کی تربیت دینے کی سہولت بھی فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قائدانہ صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے کئی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔ 

 وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق نوجوانوں کے لیے بہترین منصوبے مزید بھی لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے کئے گئے وعدے نبھا رہے ہیں۔