گیارہ ستمبر، جسے عرف عام میں نائن الیون کہا جاتا ہے، امریکا اور افغانستان دونوں ہی کے لیے ایک اہم تاریخی دن ہے اور اب طا لبا ن نے اسی روز اپنی نئی عبوری حکومت کی حلف برداری کی تقریب کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نئی حکومت کی حلف برداری تقریب 11 ستمبر کو ہوگی۔
واضح رہے کہ گیارہ ستمبر کو امریکا کے ٹوئن ٹاورز پر دہشت گردانہ حملوں کے بیس برس مکمل ہو رہے ہیں۔
ان حملوں کے بعد ہی امریکا نے اپنے مغربی اتحادیوں کے ساتھ مل کر افغانستان کے خلاف جنگ شروع کی تھی۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے چند روز قبل 31 اگست کو ہی اس فوجی آپریشن کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل طالبان نے افغانستان میں عبوری حکومت تشکیل دیتے ہوئے کابینہ کے ناموں کا اعلان کیا تھا، اسلامی حکومت کے قائم مقام وزیراعظم محمد حسن اخوند جب کہ ملا عبدالغنی برادر اور ملا عبدالسلام نائب وزرائے اعظم ہوں گے۔
افغانستان کی نئی حکومت کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پاکستان، چین، روس، ترکی اور ایران سمیت دیگر ممالک کو باضابطہ دعوت دی گئی ہے۔