کپتان خلاف تحریک؛ خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا فیصلہ

پشاور: وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم حتمی فیصلہ عمران خان کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی ذرائع  مطابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں خیبرپختونخوا میں بھی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کابینہ کے قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کر دی ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، تاہم حتمی فیصلہ عمران خان کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد لانے کے اعلان کے بعد حکومت نے حکمت عملی تیار کرلی ہے اور حکومت نے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی پر نظر رکھنا شروع کر دی ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی سے ملاقات کا بھی فیصلہ کیا ہے۔