اپوزیشن جماعتوں نے غیر ملکی اشاروں پر ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی، بیرسٹر محمد علی سیف

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے غیر ملکی اشاروں پر ملک کے اندر انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی۔تحریک انصاف کا ہر کارکن وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے۔

 معاون خصوصی اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار پریس کلب کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی احتجاجی ریلی سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 اس موقع پر صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا، سید اشتیاق اڑمر، کامران بنگش اور معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف بھی موجود تھے۔

 احتجاجی ریلی میں پشاور سے منتخب ممبران صوبائی اسمبلی ملک واجد، محمد آصف خان، ارباب وسیم اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔

 احتجاجی ریلی کے شرکاء نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا اور امریکی مداخلت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

 اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان امریکی سازش کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔

 اپوزیشن جماعتوں نے غیر ملکی اشاروں پر ملک میں سیاسی انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی۔ جسے وزیراعظم عمران خان نے اپنی بہترین حکمت عملی سے ناکام بنایا ہے۔ 

چند ٹکوں پر اپنا ضمیر بیچنے والوں کے خلاف آج عوام سڑکوں پر نکلے ہیں۔ جب تک ان ضمیر فروشوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔

 انہوں نے کہا کہ پارٹی کا ہر کارکن عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان کی حقیقی آزادی صرف عمران خان کی وجہ سے ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کامران خان بنگش نے بھی خطاب کیا۔