خیبرپختونخوا میں علاج مفت ، سستا آٹا دینگے، وزیراعظم 

شانگلہ:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب تک خادم پاکستان رہا عوام سے جھوٹے وعدے نہیں کروں گا۔خیبرپختونخوا کوایک عظیم صوبہ بنا کردم لیں گے۔

 ہفتہ کے روز شانگلہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فیصلہ کیا تھا پہلے شانگلہ جاؤنگا، خیبرپختونخوا کے غیورلوگوں کوسلام پیش کرتا ہوں، صوبے کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔

 خیبرپختونخوا میں میرے قائد نوازشریف کے شیر رہتے ہیں، یہاں کے لوگوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ خادم پاکستان کا عہدہ سنبھالے تین ہفتے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں پچھلے8سال پی ٹی آئی کی حکومت ہے، انہوں نے کتنے ہسپتال بنائے اور کتنے ہسپتالوں میں مفت ادویات دیں۔

 خیبرپختونخوا کوایک عظیم صوبہ بنا کردم لیں گے۔ جب تک اللہ نے خادم پاکستان بنا کر رکھا جھوٹے وعدے نہیں کروں گا، غلطی ہو گی تو آپ کو گواہ بنا کر معافی مانگیں گے۔

 جب تک جان ہے دن رات کام کروں گا۔ پنجاب کے ہرہسپتال میں غریبوں کا مفت علاج ہوتا تھا، پنجاب میں دوبارہ ہسپتالوں میں مفت علاج شروع کرا دیا ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ غریب علاج کے لیے سسک سسک کر جان دے دیتا ہے، اگر اللہ نے موقع دیا تو پورے خیبرپختونخوا میں مفت علاج کی سہولت ہوگی۔

 4سالوں میں مہنگائی عروج پر چلی گئی، سابق حکومت نے تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے، پی ٹی آئی حکومت نے 24ہزارارب قرض لیا کوئی نئی اینٹ نہیں لگی، پشاوربی آرٹی چلتی اورجلتی رہی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے 11،11ماہ میں میٹروبسیں چلائیں، جان لڑادوں گا خیبرپختونخوا کے مسائل حل کر کے دکھاؤں گا۔

 آٹا، چینی غریب گھرانوں کے دسترس سے باہر ہو چکا تھا، رمضان بازار، یوٹیلیٹی سٹورز میں آٹا، چینی کو سستا کرایا، پشاور بی آرٹی میں اربوں کی کرپشن ہوئی۔ 

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ بھی پنجاب کی طرح سستا آٹا دینے کا اعلان کریں، اگر خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ سستا آٹا نہیں دے گا تو ہم دیں گے۔

 پچھلے 4 سالوں میں قرضے لیکر ملک کا بھٹا بیٹھ چکا ہے، کچھ بھی ہوجائے خیبرپختونخوا کی عوام کوسستا آٹا مہیا کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ بشام میں 10 کلو آٹے کی بوری کتنے کی ملتی ہے؟ یہاں پر 10 کلوآٹے کا تھیلا 720 روپے میں بک رہا ہے، سن لو جو قیمت پنجاب وہی خیبرپختونخوا میں ہو گی۔

 امیرمقام بڑا تگڑا، محنتی آدمی ہے، وزیراعلیٰ صاحب سے درخواست کروں گا پنجاب کی قیمت پرآٹا دیں اگرنہیں دیں گے توپھراپنے کپڑے بیچ کرمہیا کروں گا۔ 

ہم پورے پاکستان کی یکساں ترقی چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا تمام ہسپتالوں میں غریبوں کے لیے علاج فری کردیں، اگروہ فری علاج نہیں کریں گے توہم سہولت دیں گے۔شانگلہ دوبارہ جلد آؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ غداری، وفاداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جارہے ہیں، 4 سال میں انتہائی کرپشن اور نالائقی کی وجہ سے بدترین لوڈشیڈنگ تھی، نواز شریف نے شاندار بجلی کے منصوبے لگائے، تیل، گیس وقت پر نہ منگوانے پر معیشت کا بٹھا بیٹھ گیا، جان لڑادیں گے پاکستان کوقائداعظم کا پاکستان بنائیں گے۔