وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور عمران خان کی ملاقات، اسلام آباد آزادی مارچ کی تیاریوں کا جائزہ

 

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ہفتے کے روز اسلام آباد میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

 وزیر اعلیٰ محمود خان نے خیبر پختونخوا میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر پیش رفت کے حوالے سے  پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو آگاہ کیا۔

 اس موقع پرصوبے کی سیاسی صورت حال، خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں اور اسلام آباد آزادی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

 اپنی گفتگو میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام نے ہمیشہ پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دیا ہے اور اس صوبے کے عوام نے ان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے جس پر وہ خیبر پختونخوا کے عوام کے مشکور ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ تحریک انصاف کی نہیں بلکہ یہ پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ ہے جس میں ہر پاکستانی کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔

 وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے چیئرمین کو آگاہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں تاریخ ساز ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں سے بعض تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور ان تمام منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوجائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام عمران خان کی قیادت میں پاکستان کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، خیبر پختونخوا پہلے بھی تحریک انصاف کا تھا، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا اور آزادی مارچ کو ایک تاریخی مارچ بنانے میں خیبر پختونخواکے عوام کا سب سے اہم کردار ہوگا۔