ریکوڈک منصوبہ، کمپنی نے بلوچستان کو 3ملین ڈالرز کا پہلا چیک دیدیا

ریکوڈک منصوبے پرکام کرنے والی کمپنی بیرک گولڈکارپوریشن نے منصوبےسے متعلق بلوچستان حکومت کو  پہلی ادائیگی کردی۔

 بیرک گولڈکارپوریشن کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق بلوچستان حکومت کو نئی شراکت داری کے فریم ورک کے تحت تین ملین ڈالرکی ادائیگی کی گئی ہے۔

ریکوڈک پاکستان کےکنٹری منیجر علی رند نے سیکرٹری معدنیات کو 3 ملین ڈالرکا چیک دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ہی وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کی حتمی ڈیل پر دستخط کرنےکی باضابطہ منظوری دی تھی۔

 بیرک گولڈ کارپوریشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ریکوڈک سے پہلی کمرشل پیداوار 2028 میں شروع ہوگی اور ریکوڈک کے ذخائرکی مدت 40 سال ہوگی۔

ان کا کہنا تھاکہ ریکوڈک منصوبے میں ساڑھے 7ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا اور منصوبے سے 4 ہزار طویل المدتی نوکریاں پیدا ہوں گی، کمرشل پیداوار شروع ہونے پربلوچستان کو سالانہ 50 ملین ڈالرز تک رائلٹی ملےگی۔