مودی خالصتان تحریک سے خائف، پنجاب میں پیرا ملٹری فورس تعینات کرنیکا فیصلہ

 نئی دہلی: بھارت کی مودی حکومت نے خالصتان تحریک کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر پنجاب میں پولیس کی سکیورٹی بڑھانے سمیت پیراملٹری فورس تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری طرف سربراہ خالصتان تحریک امرت پال سنگھ کا کہنا ہے خالصتان کا مطالبہ سکھوں کا بنیادی حق اورمذہبی عقیدہ ہے، اگرہندتوا ریاست کی بات جرم نہیں تو پھر مسلمانوں کی طرف سے جہاد اورسکھوں کی طرف سے خالصتان کے مطالبے کو جرم کیوں بنادیا گیا ہے۔

وارث پنجاب دا کے سربراہ امرت پال سنگھ کی مقبولیت بھارتی پنجاب میں دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔ نوجوان امرت پال سنگھ بھارتی پنجاب میں نوجوانوں کو نشے کی لعنت سے بچانے اوربیروزگاری کے خاتمے کی جدوجہد کررہے ہیں اورسمجھتے ہیں سکھوں کے مسائل کا واحد حل صرف خالصتان کا قیام ہی ہے۔

ادھر گزشتہ ہفتے اجنالہ پولیس اسٹیشن پر امرت پال سنگھ کے حامیوں کی چڑھائی اوراحتجاج کے بعد عام آدمی پارٹی کی حکومت نے بھارتی پنجاب میں ناصرف پولیس کی سیکیورٹی بڑھادی ہے بلکہ بھارت کی مرکزی حکومت سے پیراملٹری فورس بھی مانگ لی ہے۔

عام آد می پارٹی کے وزیراعلی بھگوت مان نے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے رابطہ کیا ہے اوران سے پنجاب کے لئے اضافی فنڈزاور پیراملٹری فورس کی 40 سے 50 کمپنیاں مانگ لی ہیں۔