یوکرین کےلیےآئی ایم ایف نے 15 ارب 60 کروڑ ڈالر کی منظوری دیدی

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے یوکرین کےلیے 15 ارب 60 کروڑ ڈالر کے پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔ رقم یوکرین کو آئندہ 4سال کے دوران قسطوں میں ملے گی۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق آئی ایم ایف کا یہ قرض پیکج اس عالمی معاونت کے پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت گزشتہ 13 ماہ سے روس کے حملے سے متاثرہ ملک کی معیشت کو سنبھالنے کے لیے 115 ارب ڈالر دیے جانے ہیں۔

قبل ازیں امریکی حکام نے کہا تھا کہ یوکرین کی روس کے خلاف لڑائی کے لیے 2.6 بلین ڈالر کے امریکی فوجی امدادی پیکج کا اعلان متوقع ہے جس میں فضائی نگرانی کے ریڈار، اینٹی ٹینک راکٹ اور ایندھن کے ٹرک شامل ہو سکتے ہیں۔

ایک اعلیٰ امریکی سفارت کار نے بتایا کہ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن آئندہ ہفتے برسلز میں نیٹو کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کے دوران توانائی کو ہتھیار بنانے کی روس کی کوششوں کی مزاحمت اور یوکرین کی جوابی کارروائی کی حمایت کریں گے۔