اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد اب یہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) پر منحصر ہے کہ وہ آئندہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔
آئین کے آرٹیکل 224 (1) (جس میں انتخابات اور ضمنی انتخابات کا وقت ذکر کیا گیا ہے) کے تحت قومی اسمبلی یا صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے دن کے بعد 60 دن کی مدت کے اندر منعقد کیے جائیں گے
عبوری سیٹ اپ کیا ہوگا؟
1973ء کے آئین اور الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت نگران حکومت کا بنیادی مقصد آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانا ہے۔
آئین کے آرٹیکل 224 (1 اے) کے تحت اسمبلی کی مدت پوری ہونے پر تحلیل ہونے یا آرٹیکل 58 یا آرٹیکل 112 کے تحت تحلیل ہونے کی صورت میں صوبائی اسمبلی کی صورت میں صدر یا گورنر نگران کابینہ کا تقرر کرے گا۔
نگراں وزیراعظم کا تقرر صدر مملکت وزیراعظم اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے کرے گا اور نگراں وزیراعلیٰ کا تقرر گورنر وزیراعلیٰ اور سبکدوش ہونے والی صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے کرے گا۔
چونکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کو پہلے ہی نگران سیٹ اپ کے تحت چلایا جا رہا ہے ، صرف سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کے گورنر عبوری چیف منسٹروں کا تقرر کریں گے۔
اگر وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ اور متعلقہ اپوزیشن رہنما کسی بھی شخص کو نگران وزیر اعظم یا نگران وزیر اعلی کے طور پر تعینات کرنے پر متفق نہیں ہوتے ہیں تو آرٹیکل 224 (اے) کی دفعات پر عمل کیا جائے گا۔
اس قانون کے تحت سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کو تحلیل ہونے کے تین دن کے اندر اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی میں ایک ایک نام پیش کرنا ہوتا ہے۔
یہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ امیدواروں کے نام موصول ہونے کے تین دن کے اندر نگران وزیر اعظم کے نام کو حتمی شکل دے۔
اگر کمیٹی کسی نام کو حتمی شکل دینے میں ناکام رہتی ہے تو الیکشن کمیشن اس کے بعد کارروائی کرتا ہے اور نام کا اعلان کرنے کے لئے دو دن کا وقت دیتا ہے۔
تاہم آرٹیکل 224 (1 بی) میں کہا گیا ہے کہ نگران کابینہ کے ارکان بشمول نگران وزیراعظم اور نگران وزیراعلیٰ اور ان کے اہل خانہ فوری طور پر ایسی اسمبلیوں کے انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے۔