پاکستان کی حمایت مہنگی پڑ گئی، بھارت میں ترک سیبوں کا بائیکاٹ

پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر بھارت میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب آزاد کشمیر اور پنجاب میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے۔

پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کے رافیل، مگ 29، ایس یو 30 اور ایک جنگی ڈرون کو تباہ کر دیا۔ اس کے بعد 10 مئی کو علی الصبح پاکستان نے آپریشن "بنیان مرصوص" کے ذریعے دشمن کو واضح پیغام دیا۔

ترکیہ کی جانب سے اس کشیدگی میں پاکستان کا ساتھ دینا بھارتیوں کو پسند نہ آیا اور انہوں نے ترکیہ کے سیبوں کے بائیکاٹ کی مہم شروع کر دی۔ بھارتی شہر پونے میں ترک سیبوں کے بائیکاٹ سے بازاروں میں ان کی دستیابی کم ہو گئی ہے، جبکہ مقامی تاجر اب ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، ایران وغیرہ سے سیب منگوانے لگے ہیں۔