حکومت نے نئی پیٹرولیم قیمتوں کا اعلان کردیا، عوام کو دھچکا

وزارت خزانہ نے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں معمولی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ صارفین کو پیٹرول کی قیمت میں سات روپے فی لیٹر کمی کی جو امید تھی، وہ پوری نہ ہو سکی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت بدستور 252 روپے 63 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے کمی کرتے ہوئے نئی قیمت 254 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

مٹی کا تیل 5 روپے 4 پیسے سستا کر دیا گیا، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 68 پیسے کمی کی گئی ہے۔

وزارت خزانہ نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ۔ یہ نوٹیفکیشن رات ایک بجے جاری کیا گیا، جس کے ساتھ ہی نئی قیمتوں کا فوری طور پر اطلاق بھی ہو گیا۔

بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں، صارفین کو امید تھی کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی کرے گی۔ تاہم حکومت نے یہ ریلیف نہ دے کر صارفین کو مایوس کر دیا۔