خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کی تحصیل مٹہ کے دورافتادہ پہاڑی علاقے اونڑہ میں خونخوار جانور نے گھر میں گھس کر دو خواتین اور کمسن بچی پر حملہ کرکے ماردیا۔
ڈی پی او سوات زاہد نواز مروت کے مطابق افسوسناک واقعہ رات کے وقت پیش آیا جہاں پر جنگلی خونخوار جانور نے گل زرین ولد میداد کے گھر میں گھس کر گھر میں موجود خواتین پر حملہ کردیا۔
جنگلی جانور کے حملے کے نتیجے میں ساٹھ سالہ خاتون مسماۃ کابلئی زوجہ میرداد، چالیس سالہ خاتون مسماۃ جہان بیگم زوجہ تاج محمد اور چھ سالہ بچی روبینہ دخترشاہ زمین موقع پر دم توڑ گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق خواتین گھر میں اکیلے تھی اور گھر کے مرد مزدوری کی غرض سے پنجاب میں مقیم ہیں ۔
ڈی پی او سوات زاہد نواز مروت نے بتایا کہ موقع پر موجود شواہد اور مقامی افراد کے مطابق خواتین اور بچی کی موت خونخوار جانور کے حملے سے واقع ہوئی ہے۔تاہم پولیس کی تفتیشی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکھٹے کئے گئےہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے سول اسپتال مٹہ منتقل کردیا گیا جبکہ اس ضمن میں باقاعدہ انکوائری بھی جائے گی۔
گاؤں والوں کامانناہےکہ اس علاقے میں بڑی تعداد میں تیندوے دیکھے گئے ہیں اور اس سے قبل ان جانوروں کے حملے بھی ہوچکے ہیں ۔گذشتہ سال اسی علاقے کے قریب پہاڑی میں ایک تیندوے کو مارابھی گیاتھا۔
