وزیراعلیٰ کی ٹیکسوں کے وصولی کا نظام مزید شفاف بنانے کی ہدایت 

پشاور:صوبائی حکومت کی ٹیکس اصلاحات کی بدولت خیبرپختونخوا ریونیواتھارٹی (کیپرا) نے مالی سال 2018-19 اور 2019-20 کی نسبت گزشتہ مالی سال کے دوران اپنی سالانہ آمدن میں دو گنا اضافہ کیا ہے اور توقع ہے کہ رواں مالی سال کے آخر تک کیپرا کی سالانہ آمدن میں تین گنا اضافہ ہوگا۔ 

مالی سال 2018-19 میں کیپرا کی کل آمدن 10.4 ارب روپے، 2019-20 میں 17.1  ارب اور 2020-21 میں 21.0 ارب روپے تھی جبکہ رواں مالی سا ل کے دوران اب تک کیپرا نے 21.1 ارب روپے ٹیکسز اکھٹے کئے ہیں اور توقع ہے کہ رواں مالی سال کے آخر تک کیپرا کی سالانہ آمدن 30 ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔

 یہ بات جمعرات کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی کی پالیسی ساز کونسل کے دسویں اجلاس میں بتائی گئی۔ 

اجلاس کو بتایا گیا کہ محاصل اکھٹے کرنے میں نمایاں بہتری کے ساتھ ساتھ کیپرا نے ٹیکس رجسٹریشن اور فائلنگ کی شرح میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

 مالی سال 2018-19 کی نسبت 2019-20 کے دوران فائلنگ کی شرح میں 78 فیصد جبکہ مالی سال 2020-21 کے دوران فائلنگ کی شرح میں 90 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اسی طرح گزشتہ مالی سال کے دوران کیپرا رجسٹریشن کی کل تعداد 15,111 تک پہنچ گئی ہے جو مالی سال 2019-20 میں 11,630 جبکہ مالی سال 2018-19 میں 7,808 تھی۔

ا جلاس کو بتایا گیا کہ کیپرا نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لئے متعددڈیجیٹل اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے جن میں ریسٹورنٹ انفارمیشن منیجمنٹ سسٹم، پوائنٹ آف سیل سسٹم وغیرہ شامل ہیں۔ اور جلد کیپرا ایکٹ کے علاوہ سیل ٹیکس آن سروسز ایکٹ، انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس ایکٹ کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔ 

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کیپرا کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کوبعض شعبوں میں کارکردگی مزید بہتر بنانے خصوصاً ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی، ٹیکسوں کی وصولی کے نظام کو مزید شفاف بنانے اور ٹیکس وصولی کے نظام پر عوام کا اعتماد بڑھانے پر خاص توجہ دینے کی ہدایت کی۔