خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے رابطوں کا آغاز

خیبرپختونخوا میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر بلاول آفریدی نے کہا ہے کہ کےپی اسمبلی میں عدم اعتماد تحریک لانے کیلئے رابطے شروع ہو گئے ہیں عثمان بزدار کی طرح محمودخان سے بھی حکومتی اراکین نالاں ہیں۔

ایک بیان میں بلاول آفریدی نے کہا کہ حکومتی اراکین سے رابطوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے تمام اپوزیشن جماعتیں بھی عدم اعتماد کی تحریک پر رضامند ہو چکی ہیں۔

بلاول آفریدی نے کہا کہ وقت آنے پر متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے اپنے پتے شو کریں گے عثمان بزدار کی طرح محمودخان سےبھی حکومتی اراکین نالاں ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) نے تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

بی اے پی کے ارکان نے اسلام آباد میں متحدہ اپوزیشن کے ارکان شہباز شریف، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو اور دیگر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

بی اے پی کے رہنما خالد مگسی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دینےکافیصلہ کیا ہے ماضی کےتجربات کے بعد نئے ارادےکیساتھ آئے ہیں ہم چاہتےہیں نئی حکومت کیساتھ بلوچستان کےمعاملات کودیکھیں۔