خیبرپختونخوا  میں آٹے کا بحران، منافع خور سرگرم  ہو گئے

 خیبر پختونخوا اور پنجاب میں آٹے کے بحران کی خبریں سامنے آنے پر منافع خور سرگرم ہوگئے۔

 پنجاب میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100سے 200روپے تک اضافہ کردیاگیا جس کے بعد آٹے کا 20کلو کا تھیلا 1300روپے کا ہو گیا ہے۔

پشاور میں 20کلو کا تھیلا اب 1400روپے میں دستیاب ہے جس کے پیش نظر بیوپاریوں نے ساری ذمہ داری پنجاب سے ترسیل کی بندش پر ڈال دی ہے اور مزید بحران کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

آٹا ڈیلرز کے مطابق پنجاب سے خیبرپختونخوا کو مبینہ طور پر آٹے کی ترسیل بند ہے جس سے آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، پنجاب سے آٹے کی ترسیل بند ہونے کے باعث 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

محکمہ خوراک خیبر پختو نخوا کے مطابق پنجاب سے آٹے کی ترسیل جاری ہے،  آٹے کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا  تاہم عید کی چھٹیوں کے باعث ڈیلرز آٹا نہیں لائے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پنجاب سے 562ٹرکوں کے ذریعے آٹا خیبرپختونخواسپلائی کیا گیا۔

دوسری جانب عید کے بعد بازاروں میں کھانے پینے کی دیگر اشیا کے دام بھی بڑھ گئے ہیں، کوئٹہ میں ایک کلو مرغی کا گوشت 650روپے جبکہ کراچی میں 600روپے پر پہنچ گیا ہے۔

یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی 14شیا مہنگی کردی گئی ہیں جبکہ چینی، آٹا،گھی اور چاول پر سبسڈی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔