کے پی میں ای سمری سسٹم متعارف ،صوبہ ای گورننس جانب گامزن

 خیبرپختونخوا حکومت نے ای گورننس سسٹم کی جانب ایک اور قدم بڑھا لیا، کے پی ای سمری سسٹم متعارف کرانے والا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ، سسٹم کےاجرا سے وقت کی بچت ہوگی، سرکاری سمریوں پر بروقت فیصلوں سمیت تاخیر پر کارروائیاں بھی کی جائیں گی، ملازمین نے اقدام کو خوش آئند قرار دے دیا۔

خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری فائلوں کو پہیے لگانے اوراقربا پروری سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے صوبے کے مختلف محکموں میں ای سمری سسٹم متعارف کروا دیا ہے جس کا وزیراعلی محمود خان نے باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

ای سمری سسٹم سے نہ تو کوئی سمری گم اور زیرالتوا کا شکار ہوگی بلکہ بروقت سرکاری امور کو نمٹایا جائے گا اور اس کا ریکارڈ بھی کمپیوٹر میں محفوظ ہوگا، ملازمین نے بھی اس اقدام کو بہتر قرار دیا ہے۔

ای سمری سسٹم کی تخلیق، پراسیس، منظوری اور ریویو سمیت تمام امور آٹو میشن سسٹم کے تحت ہوں گے۔ مخصوص موبائل ایپ بھی تیار کی گئی ہے جس میں ڈیجیٹل سگنیچر، کیو آر کوڈ، نوٹ ، پیرا مینجمنٹ بھی شامل ہیں۔

سسٹم کی مدد سے کسی بھی سطح پر سمری پراسیس میں تاخیر کی صورت میں خود کار الرٹ جاری ہو گا۔ ای سمری سسٹم کے اجراء کا مقصد سرکاری امور کی تیز رفتار، وقت کی بچت اورسمریوں کا معیار بھی بہتر ہو گا۔ وزیراعلی ڈیش بورڈ کے ذریعے سرکاری افسران کی کارکردگی کی جانچ پڑتال بھی کریں گے۔