خیبرپختونخوا کو درپیش مالی مسائل وزیراعظم کیساتھ اٹھائے جائینگے، نگران وزیراعلیٰ

پشاور:نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ صوبے کو درپیش مالی مسائل اور امن و امان سے متعلق معاملات وزیر اعظم کے ساتھ اْٹھائے جائیں گے۔

اس سلسلے میں اگلے چند دنوں میں وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کرونگا، صوبے کے لئے یہ دونوں ایشوز انتہائی اہم ہیں، نگران صوبائی حکومت ان ایشور پر خصوصی توجہ دے گی۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت صوبے کی امن و امان، معاشی صورتحال اور مالی مسائل سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ 

اجلاس میں متعلقہ حکام کی جانب سے نگران وزیر اعلی کو صوبے کو درپیش مالی مسائل اور امن کی تازہ صورتحال کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ 

نگران وزیر اعلی نے صوبے کو درپیش مالی مسائل اور امن و امان سے متعلق معاملات وزیر اعظم کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔نگران وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ اگلے چند دنوں میں وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کرکے یہ ایشوز اٹھائے جائیں گے۔ 

صوبے کے لئے یہ دونوں ایشوز انتہائی اہم ہیں۔ نگران صوبائی حکومت ان ایشور پر خصوصی توجہ دے گی۔اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے ہر ممکن تعاون حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ 

نگران وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ صوبے میں آئے روز امن و امان کے بڑھتے ہوئے واقعات اور پولیس پر حملے تشویشناک ہیں۔صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو خاطر خواہ حد تک بہتر بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

 صوبے کے معروضی حالات کے تناظر میں پولیس اور سی ٹی ڈی کو مستحکم کرنے اور اسے جدید آلات سے لیس کرنے کے لئے وفاق سے بات کی جائے گی۔

اجلاس میں سابق عوامی نمائندوں، سابق بیوروکریٹس اور دیگر شخصیات کی سکیورٹی کے لئے پولیس گارڈز کی تعیناتی کے موجودہ نظام پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں نئی پالیسی تشکیل کے لئے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت جاری کئے گئے۔ جبکہ ان شخصیات کے ساتھ غیر ضروری طور پر تعینات اضافی پولیس اہلکاروں کو واپس بلانے کی تجویز دی گئی ۔

بریفنگ کے دوران وزیر اعلی کو بتایا گیا کہ اس وقت چار ہزار سے زائد پولیس اہلکار مختلف شخصیات کی سیکیورٹی پر تعینات ہیں۔ جن افراد کو واقعتا سیکیورٹی کی ضرورت ہو، انہیں پولیس گارڈز فراہم کئے جائینگے۔ سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال میں ہم افراد کو غیر ضروری پولیس گارڈز فراہم کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

 صوبے میں امن و امان کے سلسلے میں پولیس کا کردار قابل ستائش ہے۔ صوبے کے عوام پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔عوام اپنے ارد گرد شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔شہری اس سلسلے میں پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔۔