پشاور:پشاورمیں ہونے والے خود کش حملے کا شکار پولیس لائنز مسجد میں ایک بار پھر اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہونے لگی ہیں، دھماکے کے تیسرے روز متاثرہ مسجد میں نماز ظہر ادا کی گئی۔
اس موقع پر نمازیوں کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پولیس اور عوام کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے ہیں، سانحہ پشاور کے تیسرے روز پولیس لائن مسجد میں نمازیوں کی صفیں بچھی تو مسجد میں پھر رونق آگئی۔
سی سی پی او، ایس ایس پی کوآرڈینیشن سمیت پولیس جوانوں نے بھی نماز ظہر ادا کی،واضح رہے کہ پیر 30جنوری کو پشاور کے حساس ترین علاقے میں قائم پولیس لائنز مسجد میں خود کش دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 101سے متجاوز کرچکی ہے، جب کہ حملے میں 200سے زائد افراد زخمی ہوئے۔