ملک کی آمدنی ڈیجیٹلائز کرنا سرمایہ کاری کیلئے بہتر ہو گا، کیپیٹل مارکیٹ اور بینکنگ کے شعبے کے رابطے مضبوط بنانے کی ضرورت ہے : چیئرپرسن بورڈ پاکستان سٹاک ایکسچینج شمشاد اختر

چیئرپرسن بورڈ پاکستان سٹاک ایکسچینج ڈاکٹر شمشاد اختر کا کہنا ہے کہ ملک کی آمدنی کو ڈیجیٹلائز کرنا سرمایہ کاری کے لیے بہتر ہو گا۔

چیئرپرسن بورڈ پاکستان اسٹاک ایکسچینج ڈاکٹر شمشاد اختر نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ خزانہ کا منصب سنبھالنے اور کامیاب سٹاف لیول معاہدے پر محمد اورنگ زیب کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں پی ایس ایکس کی حمایت شامل رہے گی، ہمیں کیپیٹل مارکیٹ اور بینکنگ کے شعبے کے رابطے مضبوط بنانے ہیں۔

ڈاکٹر شمشاد اختر نے مزید کہا کہ ایکسچینج کی طاقت سرمایہ بڑھانے میں پنہاں ہے، فرخ ایچ خان کے ساتھ مل کر کیپیٹل مارکیٹ کی حکمتِ عملی بنائی ہے، اس حکمتِ عملی کا محور ایکسچینج کو پائیداری دینا ہے۔

چیئرپرسن بورڈ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ایس ایکس اب فیڈریشن آف ایکسچینجز کی ممبر ہے، ای ایس جی پر توجہ سے دنیا کو کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی دینا چاہتے ہیں۔