پاکستان اور امریکہ نے اپنے دوطرفہ تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا ہے۔
یہ ڈاک ٹکٹ جمعہ کے روز اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران جاری کیا گیا جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر پاکستان میں امریکی مشن کی ایک سال کی مہم کا اختتام کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو سات دہائیوں سے ہمارا اہم معاشی اور ترقیاتی شراکت دار ہے۔
پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ یادگاری ڈاک ٹکٹ نہ صرف دوستی کے پہلے 75 سال مکمل ہونے کی علامت ہے بلکہ مشترکہ مقاصد کے متعدد شعبوں میں ہماری مستقبل کی شراکت داری کے وژن کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ڈاک ٹکٹ ظاہر کرتا ہے کہ جب ہم مل کر کام کرتے ہیں تو ہم عظیم چیزیں حاصل کرسکتے ہیں۔
سفیر اور سیکرٹری خارجہ نے ڈاک ٹکٹ کے ساتھ خصوصی طور پر تیار کردہ یادگاری لفافے اور فرسٹ ڈے کور پر دستخط بھی کیے۔