عمران خان کو جائے نماز اور قرآن مجید کا انگریزی ترجمہ فراہم کیا جائے : اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں اٹک جیل میں قید سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو جیل قوانین کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا ایک بار پھر حکم دے دیا۔

عمران خان کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر عامر فاروق نے گزشتہ روز ہونے والی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

حکم نامے میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے کہا گیا کہ وکلا، خاندان کے افراد اور دوستوں کو چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے مناسب مواقع فراہم کیے جائیں، آئندہ سماعت پر فریقین گھر کے کھانے کی اجازت سے متعلق عدالت کی معاونت کریں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ہدایت دی گئی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جائے نماز اور قرآن پاک کا انگریزی میں ترجمہ بھی فراہم کیا جائے۔