مسلم لیگ (ق) کے چیف آرگنائزر چوہدری سرور نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کو نگران وزیراعظم کے معاملے پر مشاورتی عمل میں شامل نہیں کیا گیا۔
چوہدری سرور نے ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت مکمل غیریقینی کی صورتحال ہے حتیٰ کہ سابق پی ڈی ایم حکومت کے وزرا کو بھی نہیں پتا کہ آنے والے دنوں میں کیا ہونے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یکے بعد دیگرے آنے والی تمام حکومتیں عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہیں، ان کا کہنا تھا کہ 22 فیصد شرحِ سود کے ساتھ کاروباری کمیونٹی کیسے کام کرسکتی ہے، چوہدری سرور نے بتایا کہ ان کا خیال ہے کہ پی ڈی ایم حکومت کو آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالرز لینے کے بجائے سمندر پار کمیونٹی پر زیادہ توجہ مرکوز کرنی چاہیے تھی۔