مختصر تعارف : نامزد نگران وزیراعظم سینیٹر انوار الحق کون ہیں؟

‏بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے سینئر رکن سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو کئی روز کے غور و خوض کے بعد نگران وزیراعظم نامزد کر دیا گیا ہے۔‏

‏اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض اور سبکدوش ہونے والے وزیراعظم شہباز شریف نے کاکڑ کی نامزدگی پر اتفاق کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کاکڑ کی نامزدگی کی بھی منظوری دے دی۔‏

‏راجہ ریاض نے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ عبوری وزیر اعظم ایک چھوٹے صوبے سے لانے پر اتفاق کیا گیا۔‏

‏کاکڑ نے 2018 میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے بلوچستان سینیٹ کی نشست جیتی تھی اور انہوں نے چھ سال کی مدت حاصل کی تھی جو مارچ 2024 میں ختم ہو جائے گی۔‏

‏انہوں نے 2008 کے انتخابات میں کوئٹہ شہر سے قومی اسمبلی کی نشست کے لئے بھی انتخاب لڑا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے آغا ناصر سے ہار گئے تھے۔‏

‏انہوں نے بیک وقت متعدد کئی حکومتی عہدوں پر کام کیا جن میں بزنس ایڈوائزری کمیٹی، فنانس اینڈ ریونیو، فارن افیئرز اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ممبر اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ کے چیئرمین بھی شامل ہیں۔‏

‏سینیٹ میں کاکڑ نے بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے اس عہدے کو پانچ سال تک سنبھالا تاہم پارٹی نے پانچ ماہ قبل نئی قیادت منتخب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔‏

‏کاکڑ کے قریبی افراد کہتے ہیں کہ وہ میرٹ، قانون کی حکمرانی اور احتساب کے حامی ہیں۔‏

‏وہ ایک ماہر پاکستانی سیاست دان سمجھے جاتے ہیں اور انہوں نے تقریبا 10 سال لندن میں گزارے۔ وہ مقامی سیاست بالخصوص بلوچستان کے بارے میں کافی معلومات رکھتے ہیں جہاں دہشت گردی اور ترقی کے فقدان نے صوبے کی ترقی میں رکاوٹ یں کھڑی کی ہیں اُور پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک اور ریکوڈک منصوبے پر عمل درآمد کے ساتھ بلوچستان قومی اقتصادی ترقی کی دور میں شامل ہو گیا ہے۔‏

‏کاکڑ نے بلوچستان یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس اور سوشیالوجی میں ماسٹر ز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ ان کے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (نواز) جیسی بڑی سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی اچھے تعلقات ہیں۔‏‏