پی سی بی کا سلمان علی آغا سے متعلق بڑا فیصلہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت میں ممکنہ بڑی تبدیلی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ تینوں فارمیٹس کے لیے ایک ہی کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ کر چکا ہے اور یہ ذمہ داری آل راؤنڈر سلمان علی آغا کو دی جا سکتی ہے۔

سلمان علی آغا نے دورہ زمبابوے میں بطور کپتان فرائض انجام دیے اور قومی سلیکشن کمیٹی، کوچنگ اسٹاف اور چیئرمین پی سی بی کو اپنے قائدانہ صلاحیتوں سے قائل کر لیا ہے۔

دوسری جانب ٹیسٹ کپتان شان مسعود اور وائٹ بال کپتان محمد رضوان کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ شان مسعود کی زیر قیادت پاکستان کو مسلسل 9 ٹیسٹ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ رضوان کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بدترین شکست نے خدشات کو جنم دیا۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور چیئرمین محسن نقوی کی مشاورت سے عید کے بعد سلمان علی آغا کو بطور تینوں فارمیٹس کے کپتان مقرر کرنے کا اعلان متوقع ہے۔

پی سی بی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی سرکاری اعلان تاحال سامنے نہیں آیا، مگر اندرونی حلقے تبدیلی کو یقینی قرار دے رہے ہیں۔