رضوان کی مشکلات مزید اضافہ : روحیل کو قومی ٹیم میں شامل کرنے پر اتفاق

قومی کرکٹ ٹیم میں تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے، اور اب وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر کو بڑا موقع ملنے جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد رضوان کی حالیہ کارکردگی اور محمد حارث کی عمدہ فارم کے باعث سلیکٹرز کا جھکاؤ روحیل نذیر کی طرف ہو گیا ہے۔

بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز میں روحیل نذیر کو شامل کیے جانے کے امکانات روشن ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ اگلے چھ ماہ کے دوران بابر اعظم اور محمد رضوان ٹیم سے باہر رہ سکتے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق اسد شفیق، اظہر علی، اور حسن چیمہ تاحال سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہیں، جبکہ سرفراز احمد اور سکندر بخت کو سلیکٹرز کی کارکردگی پر نظر رکھنے اور نظر انداز کھلاڑیوں کی نشاندہی کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔

دوسری طرف نوجوان فاسٹ بولر علی رضا کو فلڈ لائٹس میں گیند نہ دیکھ سکنے کے باعث اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا کوئی امکان نہیں، انہیں آنکھوں کے علاج کے لیے آئی اسپیشلسٹ سے وقت دلوایا گیا ہے۔

مائیک ہیسن، جو اس وقت نیوزی لینڈ میں ہیں، 7 جولائی کو کراچی واپس آئیں گے، جہاں 10 جولائی سے بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے لیے تربیتی کیمپ شروع ہوگا۔