عالمی شہرت یافتہ پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے باکسنگ رنگ میں جیت کے بعد انعامات کے اعلان سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
عثمان وزیر نے حال ہی میں کہا کہ باکسنگ دنیا کا سب سے مشکل ترین اسپورٹس ہے، یہ کھیل لوگ زیادہ دیر کھیل نہیں پاتے، باکسنگ کے لیے آپ کو بہت کچھ چھوڑنا پڑتا ہے حتیٰ کہ آپ ابلا ہوا کھانا کھا کھا کر غذاؤں کا ذائقہ ہی بھول جاتے ہیں۔
باکسر نے بتایا کہ میں نے آج تک 16 پروفیشنل فائٹس کی ہیں جن میں سے 16 کی 16 جیتی ہیں جب کہ11 فائٹس میری ناک آؤٹ رہیں۔
عثمان وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں پاکستان کے اعلیٰ حکام سے کہنا چاہتا ہوں کہ کھیلوں کے سب ہی شعبوں کو یکساں اہمیت دیں، سب کھلاڑیوں کو یکساں اہمیت اور انعامات ملنے چاہئیں، اگر آپ ایک کھلاڑی کے لیے انعام کا اعلان کرتے ہیں تو سب پاکستان کے جھنڈے کے لیے کھیل رہے ہیں، سب کے لیے اعلان کریں اور انعام دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مختلف شہروں اور علاقوں کے کھلاڑیوں کے ساتھ ایک جیسا سلوک کرنا چاہیے تاکہ مزید کھلاڑی پیدا ہوں، سب کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے۔